تہران،12اپریل(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)ایران کے سابق صدر محمد احمدی نڑاد نے مئی میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق ملک کے رہبر اعلیٰ نے اْنھیں انتخابات میں شریک نا ہونے کی تجویز دی تھی، لیکن اس کے باوجود غیر متوقع طور پر بدھ کو احمدی نڑاد نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے۔اگرچہ ملک کے موجودہ صدر حسن روحانی نے آئندہ انتخابات کے لیے تاحال کاغذات نامزدگی جمع نہیں کروائے ہیں لیکن اْن کے قریبی ساتھیوں کا کہنا ہے کہ صدر حسن روحانی انتخابات میں حصہ لیں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل چار چار سال کی مدت کے لیے 2005 سے 2013 تک دو مرتبہ ایران کے صدر رہ چکے ہیں۔چار سال منصب صدارت سے الگ رہنے کے بعد وہ ملک کے قانون کے مطابق ایک بار پھر صدر کے عہدے کے لیے انتخابات میں حصہ لے سکتے ہیں۔ایران کے میڈیا کے مطابق اب تک لگ بھگ 100 اْمیدواروں نے صدارتی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔ایران میں 12و?ں صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کے خواہش مند امیدواروں نے منگل سے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا عمل شروع کیا تھا جو کہ15 اپریل تک جاری رہے گا، صدارتی انتخابات 19 مئی کو ہوں گے۔اب تک جن اْمیدواروں نے انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے اْن میں ملک کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کے قریبی ساتھی ابراہیم رئیسی بھی شامل ہیں۔